ذرا کہہ دو
کہ تم بےچین رہتے ہو بنا میرے
گنا کرتے ہو دن ملنے کے اک اک تم
کہو جب چاند کو تم دیکھتے ہو تب
میرے دیدار کو آنکھیں ترستی ہیں
چلو تم جھوٹ ہی کہہ دو
ذرا ہنس کر
کہو تم کو محبت ہو گئی مجھ سے
اچانک دل نے میری ضد پکڑ لی ہے
کہو ہر دم میری یادیں ستاتی ہیں
نہیں ہے کچھ حرج اس میں ذرا کہہ دو
جہاں ویران لگتا ہے بنا میرے
ذرا سا جھوٹ کہنے میں برائی کیا
مجھے اک آسرا مل جائے گا ہمدم
سفر جیون کا آساں ہو ہی جائے گا
مگر جب بھی سنو جاناں
ملن کا ذکر ہو کوئی
یہاں ہر بات سچ کہنا
ذرا رک کر
بتا دینا
حقیقت تم چھپانا مت
کہ ہر رستہ یہاں سے اب یقیں کی سمت چلتا ہے
یہ کوئی خواب تو ہوتا نہیں جو دل میں پلتا ہے
تو اب کے جھوٹ مت کہنا
بتا دینا
ذرا رک کر
کہ دنیا اک حقیقت ہے
یہاں پر خواب جو دیکھو تو آنکھوں میں
بتا دینا، جلن سی ہونے لگتی ہے
بتا دینا، سزا خوابوں کی وحشت ہے
کہ ساری عمر وحشت، وحشتیں، وحشت
یہی منزل، یہی حاصل، یہی لذّت
بتا دینا، بہت سا ضبط کرنا ہے
بتا دینا، کہ پل پل جینا مرنا ہے
بھلے پھر تم کہیں پر بھی چلے جانا
یہی میرے لیے بس ہے، بہت کچھ ہے
کہ تم نے بھی کبھی مجھ سے محبت کی
ذرا سا جھوٹ ہی لیکن، یہ دھوکا بھی
قسم سر کی
مجھے منظور ہے جاناں....!!
Tags:
نظمیں اور غزلیں