آپ کے پیچھے پیچھے دوڑنے والا سوٹ کیس
طویل سفر اور مصروف ایئرپورٹس پر بھاری سوٹ کیس گھسیٹنا ایک عذاب ہوتا ہے اور اب چین کی ایک کمپنی نے بیٹری اور کیمرے والا ایسا سوٹ کیس بنایا ہے جو آپ کو دیکھتے ہوئے آپ کے پیچھے پیچھے چلتا ہے خواہ آپ ایئرپورٹ پر ہوں یا ریلوے اسٹیشن پر۔
فارورڈ ایکس نامی کمپنی نے ایک ذہین سوٹ کیس تیار کیا ہے جسے اووِس کا نام دیا گیا ہے۔ اس میں کئی ویڈیو کیمرے، پہیوں کو گھمانے والی دو موٹرین اور طاقتور کمپیوٹر چپ لگی ہے جو کمپیوٹر وژن کے تحت اطراف کا جائزہ لیتی ہے۔ اس کے علاوہ گم ہوجانے کی صورت میں اسے جی پی ایس نظام کے تحت تلاش بھی کیا جاسکتا ہے۔
طاقتور موٹروں کے بدولت سوٹ کیس مناسب رفتار سے آپ کے دائیں یا بائیں جانب خاموشی سے چلتا رہتا ہے۔ کیمروں اور الگورتھم کی بدولت سوٹ کیس کسی چھوٹے بچے کی طرح اپنے مالک پر نظر رکھ کر اس کے ساتھ ساتھ دوڑتا ہے جس کی ذیادہ سے ذیادہ رفتار 10 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔
خالی حالت میں اس کاوزن ساڑھے چار کلوگرام ہے اور مکمل طور پر واٹر پروف ہے۔ اس کی ایک اور خاص بات یہ ہے کہ اس سے آپ اپنا اسمارٹ فون اور چھوٹے برقی آلات بھی چارج کرسکتے ہیں۔ سوٹ کیس مصنوعی ذہانت کے ذریعے رکاوٹوں مثلاً لوگوں اور میز کرسیوں سے بچتا ہوا اپنے آقا کے پیچھے پیچھے دوڑتا رہتا ہے۔ چار گھنٹے تک چارج ہونے پر یہ 20 کلومیٹر کا سفر طے کرسکتا ہے۔ سوٹ کیس کو فون ایپ کے ذریعے بھی کنٹرول کیا جاسکتا ہے۔