حضرت عیسی علیہ السلام اور نوجوان عاشق - اسلامی ایمان افروز واقعہ
ایک روز حضرتِ عیسیٰ عَلَیْہِ سَّلَام کا گزر ایک قبرستان سے ہوا ، تو وہاں ایک شخص ایک قبر کے پاس بیٹھا زار وقطار رو رہاتھا _ آ پ عَلَیْہِ السَّلَام نے رونے کا سبب پوچھا تو کہنے لگا : یہ میری زوجہ کی قبر ہے، یہ میرے چچا کی بیٹی تھی، مجھے اس سے بہت زیادہ پیار تھا میں اس کی جدائی برداشت نہیں کر سکتا _
حضرتِ عیسیٰ عَلَیْہِ السَّلَام نے فرمایا: اگر چاہو تو میں اللہ عَزَّوَجَلَّ کے حکم سے تمہاری بیوی کو زندہ کر دوں ؟ اس نے بے قرار ہو کر کہا : ہاں !ایسا ضرور دیجئے !چنانچہ آپ عَلَیْہِ السَّلَام نےقبر کے پاس کھڑے ہو کر کہا : اللہ عَزَّوَجَلَّ کے حکم سے اٹھ جا ! قبر پھٹی اوراس میں سے ایک حبشی غلام باہر نکلا جس پر آگ کے شعلے بھڑک رہے تھے _
اس نے عیسیٰ عَلَیْہِ السَّلَام کو دیکھ کربآوازِ بلند کہا: لَا اِلٰہَ اِلَّا اللہُ عِیْسٰی رُوْحُ اللہ اس کا یہ کہنا تھا کہ آگ بجھ گئی _عذابِ الٰہی اس سے دور ہو گیا _ اس شخص نے کہا کہ مجھ سے غلطی ہوگئی میری بیوی کی قبر یہ نہیں بلکہ دوسری ہے _ آپ عَلَیْہِ السَّلَام وہاں تشریف لے گئے اور فرمایا: اللہ عَزَّوَجَلَّ کے حکم سے اٹھ جا ! قبر پھٹی اور اس میں سے ایک حسین وجمیل عورت باہر نکل آئی_
اس شخص نے دیکھتے ہی اس کا ہاتھ پکڑ لیا اور کہا :اے روح اللہ ! یہی میری بیوی ہے۔ عیسیٰ عَلَیْہِ السَّلَام ان دونوں کو وہیں چھوڑکر آگے تشریف لے گئے ۔ وہ اپنی بیوی سے مل کر بہت خوش تھا _ کچھ دیر بعد اس پر نیند کا غلبہ ہوا تو وہیں سو گیا اس کی بیوی اس کے قریب ہی بیٹھی رہی اِتنے میں وہاں سے ایک شہزادے کا گزر ہوا ، شہزادے نے اس عورت کو دیکھا تو اسے پسند آگئی، عورت کو بھی شہزادہ پسند آگیا اور وہ اپنے شوہر کو سوتا چھوڑ کر شہزادے کے ساتھ چلی گئی _
جب اس مرد کی آنکھ کھلی تو اپنی بیوی کو نہ پا کر بہت پریشان ہوا دھونڈتے دھونڈتےشہزادے کے محل تک پہنچ گیا _ وہاں اسے اپنی بیوی نظر آئی تو کہا :یہ میری بیوی ہے _شہزادے نے کہا:تم جھوٹ بولتے ہو یہ تو میری لونڈی ہے،یقین نہیں آتاتو اسی سے پوچھ لو! یہ سن کر اس بے وفاعورت نے فوراً کہا: ہاں ! میں شہزادے کی لونڈی ہوں میں تو تمہیں جانتی تک نہیں تم بے جا مجھ پر الزام لگا رہے ہو _
یہ سن کر وہ روتا ہوا محل سے واپس آگیا _کچھ دنوں بعد حضرتِ سَیِّدُنا عیسیٰ عَلَیْہِ السَّلَام سے ملاقات ہوئی تو عرض کی:اے رُوحُ اللہ عَلَیْہِ السَّلَام ! میری بیوی جسے آپ نے زندہ کیا تھا اب شہزدے کے پاس ہے شہزادہ اسےاپنی لونڈی بتاتا ہے اور وہ بھی یہی کہہ رہی کہ میں شہزادے کی لونڈی ہو تمہاری بیوی نہیں_
آپ ہمارا فیصلہ فرما دیجئے _چنانچہ آپ عَلَیْہِ السَّلَام نے اس عورت سے فرمایا: کیا تو وہی نہیں ہے جسے میں نے اللہ عَزَّوَجَلَّ کے حکم سے زندہ کیا تھا ؟ عورت نے کہا: نہیں میں وہ نہیں ہو ں_آپ عَلَیْہِ السَّلَام نے فریا : اچھا تو ہماری دی ہوئی چیز ہمیں واپس کر دے ! اتنا فرمانا تھا کہ وہ جھوٹی وبے وفا عورت مردہ ہوکر زمین پر گر پڑی_حضرت عیسیٰ عَلَیْہِ السَّلَامنے فرمایا : جو شخص ایسے مرد کو دیکھنا چاہے جو کافر ہوکر مرا تھا پھر اللہ عَزَّوَجَلَّ نے اسے زندہ کرکے ایمان کی دولت سے نوازا تو وہ اس حبشی غلام کودیکھ لے اور جو ایسی عورت کو دیکھنا چاہے جو ایمان کی حالت میں مری پھر اللہ عَزَّوَجَلَّ نے اسے زندہ کیا اور وہ کفر کی حالت میں مری تو وہ اس عورت کو دیکھ لے_
Tags:
اسلامی واقعات