ساس کو زہر دینے کا طریقہ - اصلاحی کہانی - نصیحت آموز - لڑکیوں کے لئے
کافی عرصہ پہلے کی بات ہے ایک لڑکی جس کا نام تبسم تھا اس کی شادی ہوئی وہ سسرال میں اپنے شوہر اور ساس کے ساتھ رہتی تھی- بہت کم وقت میں ہی تبسم کو یہ اندازہ ہوچکا تھا کہ وہ اپنی ساس کے ساتھ نہیں رہ سکتی- ان دونوں کی شخصیت بالکل مختلف تھی اور تبسم اپنی ساس کی بہت ساری عادتوں سے پریشان تھی- اس کی ساس ہر وقت تبسم پر طنز کرتی رہتی تھیں جو اسے بہت ناگوار گزرتا تھا-
آہستہ آہستہ دن اور پھر ہفتے بیت گئے لیکن تبسم اور اس کی ساس کی تکرار ختم نہ ہوئی- ان تمام نااتفاقیوں نے گھر کا ماحول بہت خراب کردیا تھا جسکی وجہ سے تبسم کا شوہر بہت پریشان رہتا تھا- آخرکار تبسم نے یہ فیصلہ کیا کہ وہ اپنی ساس کا برا رویہ اور برداشت نہیں کریگی اور وہ اب ضرور کچھ نہ کچھ کرے گی-
تبسم اپنے پاپا کے ایک بہت اچھے دوست احمد انکل کے پاس گئی جو جڑی بوٹیاں بیچتے تھے-
تبسم نے انھیں ساری کہانی بتائی اور ان سے کہا کہ وہ اس کو تھوڑا سا زہر دے دیں تاکہ ہمیشہ کے لئے یہ مسئلہ ختم ہوجائے- احمد انکل نے تھوڑی دیر کیلئے کچھ سوچا اور پھر کہا کہ تبسم میں اس مسئلے کو حل کرنے میں تمہاری مدد کرونگا لیکن تمہیں ویسا ہی کرنا ہوگا جیسا میں تمہیں کہوں گا- تبسم راضی ہوگئی-
احمد انکل ایک کمرے میں گئے اور تھوڑی دیر بعد اپنے ہاتھ میں کچھ جڑی بوٹیاں لے کر لوٹے- انھوں نے تبسم کو کہا کہ تم اپنی ساس کو مارنے کیلئے فوری زہر استعمال نہیں کرسکتیں کیونکہ اسطرح سب تم پر شک کریں گے- اسلئے میں تمہیں یہ جڑی بوٹیاں دے رہا ہوں یہ آہستہ آہستہ انکے جسم میں زہر پھیلائیں گی- ہر روز تم کچھ اچھا پکانا اور پھر انھیں کھانا دیتے وقت اس میں یہ جڑیبوٹیاں ڈال دینا- اور ہاں اگر تم چاہتی ہو کہ کوئی تم پر شک نہ کرے کہ تم نے انھیں مارا ہے تو تمہیں یہ خیال رکھنا ہوگا کہ تمہارا رویہ انکے ساتھ بہت دوستانہ ہو- ان سے لڑائی مت کرنا، ہر بات ماننا اور انکے ساتھ ایک ملکہکی طرح برتاؤ کرنا- تبسم یہ سب سن کر بہت خوش ہوئی، اس نے احمد انکل کا شکریہ ادا کیا اور جلدی سے گھر چلی گئی کیونکہ اب اسے اپنی ساس کو مارنے کا کام شروع کرنا تھا-
ہفتے گزر گئے اور پھر مہینے، تبسم روز کچھ اچھا پکا کر اپنی ساس کو خاص طور پر پیش کرتی تھی- اسے یاد تھا کہ احمد انکل نے اس سے کیا کہا تھا کہ اسے اپنے غصے پر قابو رکھنا ہے، اپنی ساس کی خدمت کرنی ہے اور ان کے ساتھاپنی ماں جیسا برتاؤ کرنا ہے- چھ مہینے گزر گئے، گھر کا نقشہ تقریبا بدل چکا تھا-
تبسم نے کوشش کرکے اپنے غصے پر قابو کرنا سیکھ لیا تھا، اب اکثر وہ اپنی ساس کی باتوں پر ناراض اور غصہ نہ ہوتی- چھ ماہ میں ایک بار بھی اسکا اپنی ساس سے جھگڑا نہیں ہوا تھا اور اب اسے وہ بہت اچھی لگنے لگی تھیں اور انکے ساتھ رہنا بھی آسان لگنے لگا تھا-
اس کی ساس کا رویہ بھی اسکے ساتھ بہت بدل گیا تھا اوروہ بھی تبسم کو اپنی بیٹیوں کی طرح پیار کرنے لگیں تھیں- وہ اپنے سب دوستوں کے درمیان تبسم کی تعریفیں کرتی تھیں- تبسم اور اسکی ساس دونوں اب ایک دوسرے کو ماں بیٹی کی طرح سمجھنے لگے تھی-
تبسم کا شوہر بھی یہ سب دیکھ کر بہت خوش تھا- ایک دن تبسم پھر احمد انکل کے پاس آئی- تبسم نے کہا کہ آپ مجھے طریقہ بتائیں کہ کیسے میں اپنی ساس کو اس زہر سے بچاؤں جو میںنے انہیں دیا ہے؟ وہ بہت بدل گئیں ہیں- میں ان سے بہت پیار کرتی ہوں اور میں نہیں چاہتی کہ وہ اس زہر کی وجہ سے مر جائیں جو میں نے انھیں دیا ہے-
احمد انکل مسکرائے اور کہنے لگے کہ تمہیں ڈرنے کی ضرورت نہیں- میں نے تمہیں زہر نہیں دیا تھا بلکہ جو جڑی بوٹیاں میں نے تمہیں دی تھیں وہ وٹامن کی تھیں تاکہ ان کی صحت بہتر ہوجائے- زہر صرف تمہارے دماغ میں اور تمہارے روئیے میں تھا لیکن وہ سب تم نے اپنےاپنے پیار سے ختم کردیا-
ياد رکھيے ، ہمارا رويہ ، ہمارے الفاظ اور ہمارا لہجہ يہ فیصلہ کرتا ہے کہ دوسرے ہمارے ساتھ کيا رويہ اپناتے ہيں..!!!
Tags:
Sabaq Amoz Kahaniyan